روس کے معاشی فورم کے آغاز پر یوکرین کا بڑا ڈرون حملہ، سینٹ پیٹرزبرگ دھوئیں کی لپیٹ میں
روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں یوکرین کے بڑے ڈرون حملوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں سے سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جبکہ اسی دوران روس کا اہم سالانہ بین الاقوامی اقتصادی فورم بھی شروع ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین نے سینٹ پیٹرزبرگ کے آئل ٹرمینل اور کرونشٹاڈ بحری اڈے کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی حکام کا دعویٰ ہے کہ حملوں کے دوران ایک روسی جنگی جہاز کو بھی نقصان پہنچا۔
سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر الیگزینڈر بیگلوف کے مطابق حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور بعض تنصیبات کو نقصان پہنچا، تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ روسی حکومت نے حملوں کے جواب میں مناسب ردعمل دینے کا عندیہ دیا ہے۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ان حملوں کو روسی بمباری کے خلاف منصفانہ جواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر روسی حملے جاری رہے تو مزید کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں کا ایک مقصد سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کو متاثر کرنا بھی تھا۔ تین روزہ اقتصادی کانفرنس میں تقریباً 130 ممالک کے 20 ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔
یوکرینی وزیرِ دفاع کے مشیر سرہی سٹرنینکو نے سوشل میڈیا پر طنزیہ انداز میں کہا کہ فورم کے آغاز کے موقع پر شہر پر چھایا سیاہ دھواں ایک منفرد منظر پیش کر رہا ہے۔
فورم کے مقام کے قریب بھی دھواں دیکھا گیا، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی اہم تقریر جمعہ کو متوقع ہے۔
2022 میں یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد یہ فورم روس کی بین الاقوامی تنہائی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ ماضی میں مغربی ممالک کے رہنما بھی اس میں شرکت کرتے تھے، تاہم اب زیادہ تر روس کے اتحادی ممالک کے نمائندے شریک ہوتے ہیں۔