ایران کی عسکری پوزیشن پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔عباس عراقچی
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کی عسکری پوزیشن اب جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے۔
عباس عراقچی کے مطابق تنازع کے دوران بھی ایران ہتھیاروں کی پیداوار جاری رکھنے میں کامیاب رہا، جس کے باعث ملک کے پاس ضرورت پڑنے پر طویل عرصے تک جنگ جاری رکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں میں کوئی کمی نہیں آئی اور ملک اپنی عسکری تیاری برقرار رکھے ہوئے ہے۔
تاہم عباس عراقچی نے واضح کیا کہ اس بیان کا یہ مطلب نہیں کہ ایران جنگ چاہتا ہے، بلکہ ایران کا مؤقف ہے کہ وہ کشیدگی میں اضافے کا خواہاں نہیں۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج اپنے دفاع کے حق کے تحت ان مقامات کو نشانہ بنا رہی ہیں جہاں سے امریکا کو جنگ بندی کی خلاف ورزی اور بحری جہاز رانی پر حملوں کی اجازت دی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ کسی بھی معاندانہ اقدام کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو مقاصد پابندیوں اور جنگ کے ذریعے حاصل نہیں کیے جا سکے، وہ مزید جنگ کے ذریعے بھی حاصل نہیں کیے جا سکتے۔