World

اسرائیل اور لبنان جنگ بندی کے نفاذ پر متفق

اسرائیل اور لبنان جنگ بندی کے نفاذ پر متفق
۷ گھنٹے پہلے

امریکی محکمۂ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور لبنان جنگ بندی کے نفاذ پر متفق ہو گئے ہیں۔

 

محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ دیگر شرائط کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کی جانب سے حملوں کے مکمل خاتمے سے مشروط ہے۔

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک نے اس بات کی توثیق کی کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان تعلقات کا مستقبل دونوں خود مختار حکومتیں ہی طے کریں گی، جبکہ کسی بھی ریاست یا غیر ریاستی عنصر کی جانب سے لبنان کے مستقبل کو یرغمال بنانے کی کوشش کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

 

معاہدے کی ایک اہم شرط یہ بھی ہے کہ دریائے لیطانی سے لے کر سرحد تک جنوبی لبنان کے اس علاقے سے، جو اس وقت اسرائیل کے کنٹرول میں ہے، حزب اللہ کے تمام اہلکار نکل جائیں گے۔

 

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق امریکہ ایسے زونز کے قیام میں مدد کرے گا جہاں لبنانی مسلح افواج مکمل کنٹرول سنبھالیں گی اور تمام غیر ریاستی عناصر کو علاقے سے باہر رکھا جائے گا۔

 

یہ جنگ بندی معاہدہ پیر کے روز طے پانے والی جزوی جنگ بندی کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے تحت لبنان کے مطابق اسرائیل بیروت پر بمباری سے گریز کرے گا جبکہ حزب اللہ اسرائیل پر حملے نہیں کرے گی۔

 

فریقین 22 جون کو دوبارہ ملاقات کریں گے تاکہ مزید مذاکرات کے ذریعے ایک جامع معاہدے تک پہنچا جا سکے۔

 

حزب اللہ نے تاحال اس اعلان پر عوامی سطح پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں