ماؤنٹ ایورسٹ پر 6 روز سے لاپتہ نیپالی گائیڈ معجزانہ طور پر زندہ مل گیا
دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر 6 روز سے لاپتا اور مردہ تصور کیے جانے والے ایک نیپالی کوہ پیما گائیڈ معجزانہ طور پر زندہ مل گئے، جنہوں نے انتہائی دشوار حالات میں اکیلے رینگتے ہوئے بیس کیمپ تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔
حکام کے مطابق 50 سالہ نیپالی کوہ پیما داوا شیرپا، جو "ہلیری" کے نام سے بھی معروف ہیں، 30 مئی کی صبح ایورسٹ کے بالائی حصوں میں لاپتا ہو گئے تھے۔ ان کے زندہ بچ جانے کی امیدیں تقریباً ختم ہو چکی تھیں اور ان کی اہلیہ نے کاٹھمنڈو کے ایک ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے شوہر کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیں اور مذہبی رسومات بھی شروع کر دی تھیں۔
تاہم جمعرات کی صبح ساگرماتھا پولیوشن کنٹرول کمیٹی کی ایک ٹیم نے انہیں بیس کیمپ کے قریب رینگتے ہوئے نیچے آتے دیکھا، جس کے بعد فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے دارالحکومت کاٹھمنڈو منتقل کر دیا گیا۔
سرکاری حکام اور ریسکیو ٹیموں کے مطابق داوا شیرپا اس وقت ہوش میں ہیں اور کاٹھمنڈو کے ہامس اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرِ علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ شدید سردی، فراسٹ بائٹ اور پانی کی کمی کا شکار ہیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔