Sports

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی اصل قیمت کتنی؟دلچسپ حقائق سامنے آگئے

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی اصل قیمت کتنی؟دلچسپ حقائق سامنے آگئے
۶ گھنٹے پہلے

فٹبال کے شائقین کی نظریں فیفا ورلڈ کپ 2026 پر جمی ہوئی ہیں اور دنیا بھر میں اس میگا ایونٹ کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی توجہ اس سنہری ٹرافی پر بھی مرکوز ہے جسے اٹھانے کا خواب ہر فٹبالر دیکھتا ہے۔ جذباتی اور تاریخی اعتبار سے یہ ٹرافی انمول سمجھی جاتی ہے، تاہم مادی اور مالیاتی نقطۂ نظر سے بھی اس کی مالیت موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔

 

اس بار کسی ایک ٹیم کو واضح فیورٹ قرار دینا مشکل دکھائی دیتا ہے۔ ارجنٹائن اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی جبکہ فرانس، انگلینڈ، اسپین اور پرتگال بھی مضبوط امیدوار سمجھی جا رہی ہیں۔ برازیل اور جرمنی جیسی بڑی ٹیمیں بھی کسی وقت حیران کن کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔

 

اگر صرف ٹرافی میں استعمال ہونے والے سونے اور قیمتی پتھروں کی قیمت دیکھی جائے تو موجودہ مارکیٹ کے مطابق اس کی مالیت تقریباً ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق اگر اصل ورلڈ کپ ٹرافی کی نیلامی کی جائے تو اس کی قیمت 2 کروڑ امریکی ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔

 

یہ ٹرافی 37 سینٹی میٹر اونچی ہے، 18 قیراط سونے سے تیار کی گئی ہے اور اس کا وزن تقریباً 6 کلوگرام ہے۔ اس کے ڈیزائن میں دو انسانی شکلوں کو دنیا کو اپنے ہاتھوں پر اٹھائے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو فٹبال کی عالمی مقبولیت کی علامت ہے۔

 

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ٹرافی مکمل طور پر ٹھوس سونے کی نہیں بلکہ اندر سے خالی ہے تاکہ اس کا وزن زیادہ نہ ہو۔ اس کے نچلے حصے پر سبز رنگ کے قیمتی پتھر ملاکائٹ کی دو تہیں بھی لگائی گئی ہیں۔

 

موجودہ ورلڈ کپ ٹرافی کا ڈیزائن اطالوی مجسمہ ساز سلویو گازانیگا نے 1970 میں تیار کیا تھا۔ یہ ٹرافی پہلی مرتبہ 1974 میں مغربی جرمنی نے جیتی تھی۔ فیفا اصل ٹرافی اپنی ملکیت میں رکھتا ہے اور فائنل کے بعد اسے واپس اپنے ہیڈکوارٹر زیورخ منتقل کر دیا جاتا ہے، جبکہ فاتح ٹیم کو یادگار کے طور پر سونے کے پانی چڑھی کانسی کی نقل دی جاتی ہے۔

 

ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو کبھی بھی اصل ٹرافی مستقل طور پر گھر لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ فیفا اس اصل ٹرافی کو اپنی ملکیت میں رکھتا ہے اور فائنل میچ کی تقریب ختم ہوتے ہی اسے فوری طور پر سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر واپس پہنچا دیا جاتا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں