پاکستان بھارت میں ایشین فینسنگ چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کرےگا
پاکستان نے بھارت میں ہونے والی ایشین فینسنگ چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کی تصدیق پاکستان فینسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری عثمان احمد نے کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منتظمین کی جانب سے بھارتی حکومت سے ویزا کلیئرنس اور اجازت ناموں کی گارنٹی فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث پاکستان نے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق دیگر ممالک کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کلیئرنس دستاویزات فراہم کر دی گئی ہیں، تاہم پاکستان کو تاحال کوئی باضابطہ دستاویز موصول نہیں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے علاوہ تمام شریک ممالک کو کلیئرنس مل چکی ہے جبکہ پاکستان کو بھارت کی وزارتِ داخلہ سے رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔
پاکستان فینسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری عثمان احمد نے بتایا کہ انہوں نے بھارتی فینسنگ ایسوسی ایشن اور آرگنائزنگ کمیٹی سے دو بار رابطہ کیا لیکن کوئی واضح یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ منتظمین کا مؤقف تھا کہ وہ ویزا اور کلیئرنس کی ضمانت نہیں دے سکتے۔
ایشین فینسنگ چیمپئن شپ 18 سے 24 جون تک نئی دہلی میں منعقد ہونا تھی۔