Sports

وائیکنگ جنگجوؤں کے لباس میں فوٹو شوٹ،ناروے کی فٹبال ٹیم پر شدید تنقید

وائیکنگ جنگجوؤں کے لباس میں فوٹو شوٹ،ناروے کی فٹبال ٹیم پر شدید تنقید
۱ گھنٹے پہلے

ناروے کی قومی فٹبال ٹیم کو امریکا روانگی سے قبل کیے گئے ورلڈ کپ فوٹو شوٹ پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تصاویر میں ناروے کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو وائیکنگ جنگجوؤں کے انداز میں پیش کیا گیا ہے، جہاں وہ لمبی کشتیوں کے ساتھ تیر و کمان، ڈھالیں اور کلہاڑیاں تھامے نظر آتے ہیں۔

 

فوٹو شوٹ پر تنقید کرنے والوں کا مؤقف ہے کہ وائیکنگز تاریخی طور پر لوٹ مار، حملوں، عصمت دری اور مقبوضہ علاقوں میں نوآبادیات قائم کرنے کے حوالے سے بدنام رہے ہیں، اس لیے اس طرز کی تشہیر مناسب نہیں۔

 

تنقید کرنے والے بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسی تصاویر ایک متنازع تاریخی ورثے کو رومانوی انداز میں پیش کرتی ہیں، جس پر احتیاط برتی جانی چاہیے۔

 

ناروے کے ایک ماہرِ تعلیم نے کہا کہ ان تصاویر میں ناروے کی فٹبال ٹیم کو دائیں بازو کے انتہا پسندانہ نظریات سے جوڑ کر بھی دیکھا جا سکتا ہے، جس سے غلط تاثر پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

 

دوسری جانب ناروے فٹبال ٹیم کے مینیجر نے اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سامنے اس سے کہیں زیادہ اہم اور مشکل معاملات موجود ہیں اور وہ اس قسم کی تنقید پر وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔

 

فوٹو شوٹ کے خالق فوٹوگرافر یارو نے بھی تصاویر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنقید کو سمجھتے ہیں، تاہم ان کا مقصد یہ تاثر دینا تھا کہ جیسے قدیم وائیکنگ مہم جو امریکا کے سفر پر روانہ ہو رہے ہوں۔

 

انہوں نے کہا کہ اس تصور کے ذریعے ناروے کی تاریخی سمندری روایت اور مہم جوئی کے جذبے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں