فیفا ورلڈ کپ،امریکا کا15 رکنی ایرانی انتظامی وفد کو ویزا دینے سے انکار
امریکا نے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ایران کے 15 رکنی انتظامی وفد کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں اور تکنیکی عملے کو امریکا میں داخلے کے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں، تاہم ٹیم کے انتظامی اور انتظامی امور سے وابستہ ارکان کو تاحال ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی وفد کے انتظامی اور مینجمنٹ ارکان کو ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے متعلقہ 15 رکنی وفد کے ویزوں کے حوالے سے ابھی تک کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
ذرائع کے مطابق ایرانی حکام اس معاملے پر مسلسل رابطے میں ہیں اور ویزوں کے اجراء کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایرانی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کو امریکا میں داخلے کے ویزے جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔
تاہم انتظامی وفد کے ویزوں میں تاخیر کے باعث ٹیم کی تیاریوں اور انتظامی معاملات پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔