Pakistan

جنوبی وزیرستان میں اراضی کے تنازع پر فائرنگ،5 افراد جاں بحق

جنوبی وزیرستان میں اراضی کے تنازع پر فائرنگ،5 افراد جاں بحق
۱ منٹ پہلے

جنوبی وزیرستان میں اراضی کے تنازع پر 2 فریقوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔

 

تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل توئی خلہ کے علاقے گل کھچ میں زمین کے تنازع پر 2 فریقوں کے درمیان خونریز تصادم پیش آیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔

 

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جبکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مقامی انتظامیہ نے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان تنازع شدت اختیار کرنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد نشانہ بنے۔

 

جاں بحق ہونے والوں میں پولیس کانسٹیبل سعاد عرف سیدو بھی شامل ہیں۔

 

واقعے میں زخمی ہونے والے 2 افراد کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی افراد کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

 

واقعے کے بعد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات اور ذمہ دار افراد کے تعین کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

 

انتظامیہ کے مطابق علاقے میں مزید کشیدگی روکنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں