جھنگ واقعہ، پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی، تشدد، زیادتی کے شواہد نہیں ملے
جھنگ کے ہسپتال میں دورانِ علاج انتقال کر جانے والی لڑکی کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، تشدد یا زیادتی کے شواہد نہ مل سکے۔
جھنگ میں دورانِ علاج انتقال کر جانے والی لڑکی کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق لڑکی کو بے ہوشی کی حالت میں نجی اسپتال چھوڑ کر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے، بعد ازاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد یا جنسی زیادتی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے نمونے مزید تجزیے اور جانچ کے لیے فارنزک لیب لاہور بھجوا دیے گئے ہیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 18 سالہ لڑکی شوگر کی مریضہ تھی اور گزشتہ 5 برس سے انسولین استعمال کر رہی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب لڑکی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا تو وہ بے ہوش حالت میں تھی۔
پولیس کے مطابق لڑکی کو بے ہوشی کی حالت میں نجی اسپتال چھوڑ کر جانے والے 4 افراد زیرِ حراست ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ والد کی جانب سے اغوا اور زیادتی سے متعلق لگائے گئے الزامات کی جانچ بھی قانونی اور فارنزک شواہد کی روشنی میں کی جا رہی ہے۔