Pakistan

مری ایکسپریس وےسیاح وین میں آتشزدگی،ایک ہی خاندان کے 10جاں بحق

مری ایکسپریس وےسیاح وین میں آتشزدگی،ایک ہی خاندان کے 10جاں بحق
۱۱ گھنٹے پہلے

مری ایکسپریس وے پر سیاحوں کی وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

 

تفصیلات کے مطابق مری ایکسپریس وے پر کہجوٹ کے قریب سیاحوں کو لے جانے والی مسافر وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ہولناک حادثہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 10 افراد جان سے گئے جبکہ 8 زخمی ہوئے۔

 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، مری انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

 

ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا کے مطابق مسافر وین تیز رفتاری کے باعث پہلے بے قابو ہو کر سڑک کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے نتیجے میں گاڑی کا فیول ٹینک پھٹ گیا اور پٹرول لیک ہونے سے وین چند لمحوں میں آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔

 

انہوں نے بتایا کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ وین میں موجود کئی مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا، جس کے باعث جانی نقصان ہوا۔

 

حکام کے مطابق زخمی ہونے والے 8 افراد کو فوری طور پر پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

 

متاثرہ خاندان کے ایک فرد نے بتایا کہ یہ لوگ ملتان سے گذشتہ رات دس بجے نکلے تھے اور آج ایکسپریس وے پر حادثے کا شکار ہوئے ہیں۔

 

موقع پر موجود ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی تیز رفتاری سے چل رہی تھی کہ اچانک سمجھ میں نہیں آیا کہ کس طرح قریب نالے میں جاگری تھی۔

 

’گاڑی نالے میں گری تو دیکھا کہ لوگ دروازہ کھولنا چاہ رہے تھے مگر دروازہ پھنس چکا تھا۔ اس موقع پر کچھ لوگ مدد کے لیے قریب پہنچے تو ایک دم ہی وین میں آگ بھڑک اٹھی۔

 

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مری حادثے  میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ افراد کو تمام ممکنہ مدد فراہم کریں ،اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

۔

 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں