پاکستان فٹبال ٹیم کی74 سال بعدانٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں فتح،وزیراعظم کی مبارکباد
پاکستان فٹبال ٹیم نے ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیت کر 74 سال بعد تاریخی کامیابی حاصل کر لی۔
فائنل میں قومی ٹیم نے افغانستان کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
مالدیپ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان کی جانب سے شایق دوست نے 24ویں منٹ میں پہلا گول سکور کیا، جس سے قومی ٹیم کو برتری حاصل ہوئی۔ بعد ازاں ایکسٹرا ٹائم میں دوسرا گول کر کے پاکستان نے اپنی کامیابی یقینی بنا لی۔
قومی ٹیم نے پورے ایونٹ میں ناقابلِ شکست کارکردگی دکھائی۔ گروپ مرحلے میں پاکستان نے میزبان مالدیپ اور افغانستان کو شکست دی جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ برابر رہا۔
یہ کامیابی پاکستان فٹبال کے لیے تاریخی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ قومی ٹیم نے 74 سال بعد کسی بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتا ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے 1952 کے سیلون کپ میں بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹائٹل جیتا تھا، جبکہ 1991 کے ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور قوم کو مبارکباد دی، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی قومی ٹیم کی اس تاریخی کامیابی کو سراہا۔