فیفا ورلڈ کپ کیلئے پاکستان میں تیار کردہ چارج ایبل ’ٹرائی اونڈا‘ فٹبال توجہ کا مرکز
فیفا ورلڈ کپ کیلئے پاکستان میں تیار کردہ چارج ایبل ’ٹرائی اونڈا‘ فٹبال توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں استعمال ہونے والی آفیشل میچ بال جدید ترین ٹریکنگ ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے جس کے باعث ہر میچ سے قبل اسے چارج کرنا ضروری ہوگا۔
اس نئی گیند میں ایک خصوصی سینسر نصب کیا گیا ہے جو کھیل کے دوران گیند کی ہر حرکت، اس کے مقام اور کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والے ہر رابطے کا ریکارڈ حقیقی وقت میں محفوظ کرے گا۔ یہ نظام اسٹیڈیم میں نصب 12 ہائی ٹیک کیمروں کے ساتھ منسلک ہوگا جو فی سیکنڈ 50 مرتبہ ڈیٹا جمع کریں گے۔
یہ معلومات وی اے آر حکام کو آف سائیڈ اور گول لائن فیصلوں میں مزید درستگی فراہم کریں گی، جس سے متنازع فیصلوں کے امکانات کم ہو جائیں گے۔
2022 ورلڈ کپ کی گیند کے مقابلے میں اس بار سینسر کو گیند کے اندر ایک پینل میں براہِ راست نصب کیا گیا ہے، جبکہ گیند کا وزن تقریباً وہی رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑی کھیل کے دوران کسی فرق کو محسوس نہ کریں۔
جرمن کمپنی ایڈیڈاس کی ڈیزائن کردہ یہ جدید فٹبال سیالکوٹ میں واقع پاکستانی کمپنی ’فیوچر اسپورٹ‘ تیار کر رہی ہے۔ اس گیند کو ’ٹرائی اونڈا‘ کا نام دیا گیا ہے، جو ’ٹرائی‘ (تین) اور ہسپانوی لفظ ’اونڈا‘ (لہر) کو ملا کر بنایا گیا ہے۔