پاکستان آرمی نے برطانیہ میں بین الاقوامی پیس سٹکنگ مقابلہ جیت لیا
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی کی ایک ٹیم نے برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی میں منعقدہ بین الاقوامی ’پیس سٹکنگ‘ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی آرمی ٹیم کی نمائندگی پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) نے کی تھی۔ اس ٹیم نے مقابلے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام نمایاں اعزازات اپنے نام کیے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی ٹیم نے مجموعی ٹیم ٹرافی میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ’بیسٹ پیس سٹکر‘ اور ’بیسٹ ڈرل ڈرائیور‘ کے ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔
اس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ٹیم نو ارکان پر مشتمل تھی جس کی قیادت میجر حیدر گلزار کر رہے تھے۔ ٹیم پانچ جون کو سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچی تھی۔
اس مقابلے میں دنیا بھر کی افواج کی 16 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔
بین الاقوامی پیس سٹکنگ مقابلہ ایک سالانہ فوجی تقریب ہے جو برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں منعقد کی جاتی ہے جہاں مختلف ممالک کی افواج کے ڈرل انسٹرکٹرز اور کیڈٹس اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔