کین ولیمسن کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
نیوزی لینڈ کے مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن نے فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ تقریباً 16 سال پر محیط ایک شاندار کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
378 بین الاقوامی میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے ولیمسن نے یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا جب ان کی ٹیم انگلینڈ کے دورے پر موجود ہے اور 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے پیچھے ہے۔
لارڈز میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا جبکہ وہ سیریز کے باقی میچوں میں حصہ نہیں لیں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق کین ولیمسن نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اس فیصلے پر غور کر رہے تھے تاہم گزشتہ چند روز میں انہیں محسوس ہوا کہ اب ریٹائرمنٹ کا یہی مناسب وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ان کے اندر ہمیشہ جذبہ اور جیتنے کی بھوک موجود رہی اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے لیے ہر میچ میں اپنی تمام تر صلاحیتیں جھونک دیں۔
ولیمسن نے کہا کہ اگر وہ مکمل عزم اور توانائی کے ساتھ ٹیم کی نمائندگی نہ کر سکیں تو کھیل جاری رکھنا درست نہیں ہوگا اور وہ خوش ہیں کہ اپنی شرائط پر اس سفر کا اختتام کر رہے ہیں۔
انہوں نے نیوزی لینڈ ٹیم کے مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسکواڈ میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ٹیم مزید کامیابیاں حاصل کر سکتی ہے۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ روب والٹر نے ولیمسن کو غیر معمولی کھلاڑی اور شاندار انسان قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ٹیم کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی۔
سابق کپتان سر رچرڈ ہیڈلی نے بھی انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ولیمسن اپنے دور کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
کین ولیمسن نے نومبر 2010 میں بھارت کے خلاف احمد آباد ٹیسٹ میں سنچری کے ساتھ بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے مجموعی طور پر تینوں فارمیٹس میں 19 ہزار 346 رنز اور 48 سنچریاں سکور کیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 110 میچز میں 9 ہزار 515 رنز، ون ڈے میں 175 میچز میں 7 ہزار 256 رنز بنائے جبکہ مختلف فارمیٹس میں نیوزی لینڈ کی قیادت بھی کی۔ ان کی قیادت میں نیوزی لینڈ 2019 ون ڈے ورلڈ کپ اور 2021 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچی جبکہ 2021 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی اپنے نام کی۔