Pakistan
کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ، متعدد علاقوں میں 12 گھنٹوں سے زائد بجلی غائب
کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش 12 گھنٹوں سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔
اورنگی ٹاؤن، کورنگی، لیاری اور ماڑی پور سمیت مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔
قائدآباد، ملیر، منگھوپیر، کیماڑی اور سرجانی ٹاؤن میں بھی کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش جاری ہے، جبکہ نیو کراچی، لائنز ایریا، سولجر بازار اور گلشن معمار کے مکین بھی بجلی کی عدم فراہمی سے پریشان ہیں۔
شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 10 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، تاہم بعض علاقوں میں بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث بجلی منقطع کی جاتی ہے۔