عالمی بینک نے عالمی اقتصادی ترقی کی شرح کا تخمینہ کم کردیا
عالمی بینک نے 2026 کے لیے عالمی اقتصادی ترقی کی شرح کا تخمینہ کم کر کے 2.5 فیصد کر دیا ہے، جو 2025 میں متوقع 2.9 فیصد کے مقابلے میں کم ہے۔ یہ شرح 2019 کے آخر کے بعد سب سے کم سطح سمجھی جا رہی ہے۔
عالمی بینک کی ششماہی رپورٹ “گلوبل اکنامک پراسپیکٹس” جاری کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع، توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، بلند افراطِ زر اور قرض لینے کی لاگت میں اضافے نے عالمی ترقی کی رفتار کو متاثر کیا ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر توانائی کا بحران مالیاتی منڈیوں کو بھی متاثر کرتا ہے تو عالمی اقتصادی ترقی کی شرح مزید گر کر صرف 1.3 فیصد رہ سکتی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تجارتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتِ حال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی بھی عالمی معیشت کے لیے بڑے خطرات ہیں۔
عالمی بینک کے مطابق مصنوعی ذہانت اور اس کے وسیع استعمال میں سرمایہ کاری اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتی ہے۔