بھارت میں ایندھن کا بحران، 200 لیٹر سے زیادہ ڈیزل دینے پر پابندی
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث بھارت میں ایندھن بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث ایک گاڑی کو 200 لیٹر سے زیادہ ڈیزل دینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی سپلائی متاثر ہونے سے بھارت میں توانائی بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث بھارت کی سرکاری آئل کمپنیاں ایندھن کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔
مودی حکومت نے پیٹرول پمپ ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک صارف یا گاڑی کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 200 لیٹر ڈیزل فروخت کریں، جبکہ تجارتی صارفین کو عام ریٹیل پمپس سے ایندھن خریدنے سے روک دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیزل کی طلب میں غیر معمولی اضافے اور سپلائی میں کمی کے باعث حکومتی سطح پر ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ ایندھن کی دستیابی کو کسی حد تک کنٹرول کیا جا سکے۔
توانائی ماہرین کے مطابق اگر خطے میں صورتحال مزید خراب ہوئی تو نہ صرف بھارت بلکہ دیگر ایشیائی ممالک بھی ایندھن کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا سامنا کر سکتے ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندیاں وقتی ہیں اور صورتحال بہتر ہونے پر ان کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔