محسن نقوی کا فیڈرل کانسٹیبلری کو جدید فورس بنانے کااعلان
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ کیا اور فورس کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ تربیت کا جائزہ لیا۔
وزیرِ داخلہ نے وزارتِ داخلہ کے بیرونِ ملک سے آنے والے اسٹیٹ گیسٹس کے لیے قائم اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت کے معیار کو سراہا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن ونگ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید اور منظم فورس بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کو بین الاقوامی معیار کی سیکیورٹی فراہم کرنا اسپیشل پروٹیکشن ونگ کی ذمہ داری ہوگی، جس کے لیے تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں کی تربیت کے لیے غیر ملکی انسٹرکٹرز کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ اہلکاروں کو بیرونِ ملک بھی تربیت کے لیے بھیجا جائے گا۔
وزیرِ داخلہ نے تمام اہلکاروں کو جسمانی فٹنس، جدید اسلحے کے استعمال اور ڈرائیونگ کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ تعلیمی قابلیت بڑھانے کے ساتھ اہلکاروں کو بین الاقوامی زبانیں بھی سکھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے جدید اینٹی رائٹ آلات خریدنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیرِ داخلہ کے مطابق ملک بھر میں قیامِ امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہم ہے اور مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسے ایک فعال فورس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران وزیرِ داخلہ نے بیرکس کا بھی معائنہ کیا اور زیرِ تربیت اہلکاروں سے کھانے، دیگر سہولتوں اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے بیرکس میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے سینٹر میں جم اور سوئمنگ پول کی تعمیر شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نذیر احمد گاڑا نے اہلکاروں کی تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیرِ تربیت اہلکاروں میں تمام صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی نمائندگی موجود ہے، جبکہ تربیتی پروگرام میں پہلی مرتبہ 35 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔