Pakistan

اس بجٹ میں غریب کے لیے کچھ نہیں، بیرسٹر گوہر

اس بجٹ میں غریب کے لیے کچھ نہیں، بیرسٹر گوہر
۱ منٹ پہلے

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ انہیں آج ہی بانئ پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے۔

 

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، یہ ملک ہمارا ہے اور ہم اس کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اراکین کو نااہل کیا گیا لیکن وہ کس سے شکوہ کریں۔

 

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اکتوبر کے بعد ملک کے مقبول ترین لیڈر سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات کیوں نہیں کروائی جا رہی؟ ان کے مطابق اس حوالے سے وزیراعظم سے بات ہوئی تھی جنہوں نے جواب دینے کی بات کی تھی، لیکن اب تک کوئی واضح جواب نہیں ملا۔

 

پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروائی گئی تو بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ میں غریب کے لیے کوئی ریلیف نہیں رکھا گیا، اور نہ ہی بجلی کی قیمتوں یا لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔

 

انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاہ خرچیوں میں کمی کے لیے مؤثر انتظامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے بھی درست نشاندہی کی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نشستیں کم ہیں، اور انتخابات کے طریقہ کار پر سوالات موجود ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں