ٹیسٹ کرکٹ آج کے دور میں ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔عاقب جاوید
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہر وقت خود کو تیار رکھنا چاہیے کیونکہ اب پہلے کی طرح ٹورز پر ٹیسٹ میچز سے قبل پریکٹس میچز کا موقع نہیں ملتا۔
عاقب جاوید نے کہا کہ طویل عرصے بعد پاکستان کو مسلسل پانچ ٹیسٹ میچز کھیلنے کا موقع ملا ہے، اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 49 کھلاڑیوں میں سے 22 کھلاڑی ٹیسٹ میچز کے لیے تیاری کر رہے ہیں جبکہ باقی کھلاڑی ایشین گیمز اور وائٹ بال کرکٹ کے لیے تیار کیے جا رہے ہیں۔
عاقب جاوید کے مطابق اگر چار سے پانچ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے تو ان میں سے دو سے تین ہی خود کو منوا پاتے ہیں، یہ ممکن نہیں کہ تمام کھلاڑی ایک ساتھ سیٹ ہو جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیمپ کے اختتام کے بعد مزید کھلاڑیوں کو وائٹ بال فارمیٹ کے لیے بھی طلب کیا جائے گا۔