Sports

بنگلہ دیشی ٹیسٹ کرکٹر نعیم حسن پر پولیس کالاٹھیوں،پلاسٹک پائپ سے تشدد

بنگلہ دیشی ٹیسٹ کرکٹر نعیم حسن پر پولیس کالاٹھیوں،پلاسٹک پائپ سے تشدد
۱ منٹ پہلے

بنگلہ دیش کے ٹیسٹ کرکٹر نعیم حسن کے ساتھ چٹاگانگ میں پولیس کی جانب سے مبینہ تشدد اور بدسلوکی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

 

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کی رات نعیم حسن ڈھاکا ایئرپورٹ سے چٹاگانگ واپس جا رہے تھے جب انہیں راستے میں روک لیا گیا۔

 

نعیم حسن نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے ان کی سی این جی رکشہ کو لال خان بازار کے علاقے میں روکا اور بغیر کسی واضح وجہ کے سخت رویہ اختیار کیا۔

 

ان کے مطابق اہلکاروں نے انہیں زبردستی پکڑ کر دوسرے رکشے میں منتقل کیا اور بعد ازاں مبینہ طور پر لاٹھیوں اور پلاسٹک پائپ سے تشدد کیا۔

 

نعیم حسن نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے متعدد بار اپنی شناخت بطور قومی کرکٹر کرائی مگر کسی نے بات نہ سنی۔ بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا اور وہ گھر واپس پہنچ گئے۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں طریقہ کار کی خلاف ورزی کے اشارے ملے ہیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

 

چٹاگانگ پولیس کے مطابق معاملے کی مکمل انکوائری جاری ہے اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

واقعے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور کرکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے سخت ردعمل دیتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

 

سینئر کھلاڑی مشفیق الرحیم سمیت متعدد کرکٹرز نے بھی سوشل میڈیا پر اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

 

واضح رہے کہ نعیم حسن آئندہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں