امریکی میڈیا کا دعویٰ: ایران نے افزودہ یورینیم محفوظ بنانے کے لیے زیرِ زمین جوہری تنصیبات سیل کر دیں
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اپنے افزودہ یورینیم کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے زیرِ زمین جوہری تنصیبات کو سیل کر دیا ہے اور ان تک پہنچنے والے راستوں پر بارودی سرنگیں نصب کر دی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا کہ ایران نے حالیہ ہفتوں میں اپنے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کے تحفظ کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔
ان اقدامات میں زیرِ زمین سرنگوں کو بند کرنا اور ان کے داخلی راستوں پر بارودی سرنگیں نصب کرنا شامل ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقریباً نصف ٹن انتہائی افزودہ یورینیم تک رسائی اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل، خطرناک اور وقت طلب ہو گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اس ذخیرے کا بڑا حصہ وسطی ایران میں واقع اصفہان جوہری تنصیب کی بند سرنگوں میں موجود ہونے کا امکان ہے، جبکہ کچھ مواد دیگر مقامات پر بھی منتقل کیا گیا ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مئی کے وسط میں امریکی فوج اس جوہری مواد پر قبضے کے لیے ایک ممکنہ آپریشن کی تیاری کر رہی تھی، لیکن اسے انتہائی خطرناک قرار دے کر مؤخر کر دیا گیا۔
اس کے بعد ایران نے ان مقامات کی حفاظت مزید سخت کر دی۔
تاحال ایران کی جانب سے اس رپورٹ پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ایرانی حکام ماضی میں متعدد بار اپنے جوہری اثاثوں کے تحفظ اور دفاعی تیاریوں پر زور دیتے رہے ہیں۔
I pr