جی 7 اجلاس سے قبل 20 ہزار افراد کا امریکا مخالف احتجاج
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جی 7 اجلاس سے قبل تقریباً 20 ہزار مظاہرین نے احتجاجی ریلی نکالی اور امریکا سمیت جی 7 ممالک کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔
عرب میڈیا کے مطابق احتجاج کی قیادت ’9 جی 7‘ اتحاد نے کی جس میں فلسطینی حقوق، خواتین کے حقوق اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرگرم 60 سے زائد تنظیمیں شامل ہیں۔
مظاہرین نے اس موقع پر کہا کہ جی 7 ممالک کی پالیسیاں جنگوں، موسمیاتی بحران، غربت اور عدم مساوات میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔
فرانس کے شہر ایویاں میں شروع ہونے والے 3 روزہ جی 7 اجلاس کے لیے سوئس اور فرانسیسی حکام نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں، سڑکیں بند کر دی گئی ہیں اور غیر مجاز اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق شام کے وقت بعض مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جس دوران پولیس نے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔