World
بنگلادیشی وزیرِ اعظم کے مشیر کو بھارت داخل ہونے سے روک دیا گیا
بنگلادیش کے وزیرِ اعظم کے مشیر زاہد الرحمٰن کو بھارت میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق زاہد الرحمٰن سے دہلی ایئرپورٹ پر ڈھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ واقعے کی مکمل تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
سفارتی پیشگی اطلاع کے باوجود بھارتی محکمۂ امیگریشن نے انہیں داخلے کی اجازت نہ دی، جس پر ڈھاکا کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔بنگلادیشی حکومت کے مطابق پیشگی منظوری کے باوجود پیش آنے والا یہ واقعہ تشویشناک ہے۔
بھارتی مؤقف کے مطابق اعلیٰ حکام کی مداخلت کے بعد معاملہ حل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اس دوران زاہد الرحمٰن نے بھارت میں داخل ہونے کے بجائے واپس بنگلادیش جانے کا فیصلہ کیا۔وہ کولمبو کے راستے ڈھاکا واپس روانہ ہو گئے۔