بھارتی اداکارہ سنچیتا اوگلے 22 سال کی عمر میں چل بسیں
بھارتی ٹیلی ویژن کی اداکارہ سنچیتا اوگلے 22 سال کی عمر میں چل بسیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام اداکارہ کے گاؤں میں واقع ان کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ سنچیتا اوگلے اپنے کمرے میں موجود تھیں اور کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا۔ اہلِ خانہ اور مقامی افراد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا۔اداکارہ کے والد کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا جبکہ حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنچیتا اوگلے نے کم کم بھاگیہ اور واگلے کی دنیا سمیت متعدد ٹیلی ویژن منصوبوں میں کام کیا تھا۔وہ چھاوا اور سائلنس 2: دی نائٹ آؤل بار شوٹ آؤٹ میں بھی نظر آ چکی تھیں۔