Entertainment

گرین بسیں نہیں روزگار کراچی کا اصل مسلہ ہے۔ثانیہ سعید

گرین بسیں نہیں روزگار کراچی کا اصل مسلہ ہے۔ثانیہ سعید
۱ گھنٹے پہلے

پاکستان کی معروف اور سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے کراچی میں بڑھتی ہوئی آبادی اور بے روزگاری کے مسئلے پر آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ٹرانسپورٹ منصوبوں سے شہر کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، بلکہ شہریوں کو روزگار فراہم کرنا زیادہ ضروری ہے۔

 

کراچی میں ایک پریس ٹاک کے دوران ثانیہ سعید نے شہر کو درپیش مختلف مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرنا زیادہ اہم ہے۔

 

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر میرے پاس نوکری ہی نہ ہو تو میں گرین بس میں بیٹھ کر کہاں جاؤں؟ انہوں نے کہا کہ کیا کبھی کسی نے سوچا ہے کہ اتنی بڑی آبادی اس شہر میں کیسے زندگی گزارے گی، جو اس پیمانے پر پہلے سے منصوبہ بند نہیں تھا؟

 

اداکارہ نے کہا کہ اصل چیلنج لوگوں کو معیشت کا حصہ بنانا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ جب تک شہریوں کو روزگار نہیں ملے گا، صرف بس سروسز شروع کرنے سے کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔

 

ثانیہ سعید نے مزید کہا کہ گرین لائن، اورنج لائن یا ریڈ لائن بسیں شہر کو ترقی یافتہ نہیں بناتیں، بلکہ شہروں کی ترقی اس وقت ہوتی ہے جب لوگوں کے پاس کام ہو، وہ معیشت میں کردار ادا کریں اور آمدن حاصل کریں۔

 

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر حکومت کو روزگار، معیشت اور شہری منصوبہ بندی کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں