گلگت بلتستان کےشمسی منصوبے کو وفاقی حکومت فنڈ کرے گی: شہباز شریف
وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے لیے 100 میگا واٹ شمسی بجلی کے منصوبے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں شمسی توانائی کے 100 میگا واٹ منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں منصوبے کی پیش رفت اور مختلف مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے، جبکہ ہر مرحلے میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی لازمی قرار دی گئی۔
اجلاس میں متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان کی سرکاری عمارتوں کے لیے 18 میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ بھی جاری ہے۔
بریفنگ کے مطابق گلگت اور دیامر ڈویژنز کی سرکاری عمارتوں کے لیے 18 میگا واٹ منصوبہ دسمبر 2026ء تک مکمل ہوگا، جبکہ بلتستان ڈویژن کی سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن اکتوبر 2026ء تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ گلگت، اسکردو، چلاس اور خپلو میں گھروں کے لیے 82 میگا واٹ کے شمسی توانائی منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔