Pakistan

بجٹ حکومت کی معاشی ترجیحات اور اصلاحات کا عکاس ہے۔وزیرِ خزانہ

بجٹ حکومت کی معاشی ترجیحات اور اصلاحات  کا عکاس ہے۔وزیرِ خزانہ
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ حکومت کی معاشی ترجیحات اور اصلاحاتی سمت کا عکاس ہے، اور حکومت معاشی استحکام، اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔

 

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکریٹری ہیمش فالکنر سے فنانس ڈویژن میں ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 

ملاقات میں پاکستان کے معاشی منظرنامے، جاری اصلاحات اور مالیاتی ترجیحات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ خزانہ نے برطانوی وفد کو حکومت کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔

 

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا آیا ہے، اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت سے علاقائی استحکام کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔

 

وزیرِ خزانہ کے مطابق طویل علاقائی عدم استحکام اقتصادی اعتماد، توانائی کی منڈیوں اور سپلائی چین کو متاثر کرتا ہے، اسی لیے اقتصادی منصوبہ بندی میں جغرافیائی سیاسی خطرات کو مدِنظر رکھا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بہتر علاقائی صورتحال سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے لیے سازگار ثابت ہوگی۔

 

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت مالیاتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کو تیز کر رہی ہے، جن میں ٹیکس نظام کی بہتری، ٹیکنالوجی کا استعمال، ڈیجیٹل انوائسنگ اور ٹیکس لیکیجز کے خاتمے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد صرف محصولات میں اضافہ نہیں بلکہ شفافیت اور اعتماد کو فروغ دینا بھی ہے۔ حکومت صوابدیدی اختیارات میں کمی، نجکاری، رائٹ سائزنگ اور سرکاری اخراجات میں بہتری پر بھی کام کر رہی ہے۔

 

برطانوی وزیر نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کرتے ہوئے اصلاحات کے تسلسل اور ادارہ جاتی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے پائیدار ترقی اور علاقائی استحکام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں