کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس خفیہ رکھے جائیں گے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کی تفصیلات منظرِ عام پر نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کتنے کھلاڑیوں کو دیا جائے گا اور انہیں کس کیٹیگری میں رکھا جائے گا، یہ معلومات خفیہ رکھی جائیں گی۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ ہر ٹریک میں دیے جانے والے کنٹریکٹس کو عوامی طور پر جاری نہیں کیا جائے گا، جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد اور ان کی درجہ بندی سلیکشن کا معاملہ تصور کی جائے گی۔
پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ سے متعلق مختلف شرائط بھی متعارف کرائی ہیں۔
ان شرائط کے تحت کنٹریکٹڈ کھلاڑیوں کو اپنے متعلقہ ٹریک کے مطابق فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شرکت کرنا لازمی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میچز کی متوقع تعداد سے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت فرسٹ کلاس کے 5 جبکہ لسٹ اے کے 10 میچز کھیلنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید یہ کہ اگر کسی کھلاڑی کی بین الاقوامی مصروفیات نہ ہوں تو اسے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے دستیاب رہنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی تینوں فارمیٹس کھیلنے کے اہل ہوں گے اور ضرورت پڑنے پر کسی بھی ٹریک سے کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شامل کیا جا سکے گا۔