یوراگوئے ٹیم کے سامان کی سراغ رساں کتوں کے ذریعے تلاشی
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے امریکا پہنچنے والی یوراگوئے قومی فٹبال ٹیم کے سامان کی سڑک کنارے سراغ رساں کتوں کے ذریعے تلاشی کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیم کے سامان کی خصوصی سیکیورٹی جانچ کی جا رہی ہے اور اس عمل میں سراغ رساں کتوں کا استعمال کیا گیا۔
اس واقعے کے بعد شائقین نے حیرت اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اس رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب عالمی کپ میں شریک کسی ٹیم کو امریکی امیگریشن یا سکیورٹی اقدامات کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو۔
اس سے قبل ایمن حسین کو شکاگو ایئرپورٹ پر کئی گھنٹوں تک روکے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ ٹیم کے ایک فوٹوگرافر کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق سینیگال قومی فٹبال ٹیم اور ازبکستان قومی فٹبال ٹیم کو بھی اسی نوعیت کی سخت جانچ سے گزرنا پڑا۔
یوراگوئے ٹیم کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ مشتبہ افراد جیسا رویہ مناسب نہیں۔
کچھ صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایسی سخت جانچ زیادہ تر لاطینی امریکا اور افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والی ٹیموں کے ساتھ ہی کیوں دیکھی جاتی ہے۔
شائقین کے مطابق عالمی ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہنے کے بجائے اس نوعیت کے مناظر کھیل کے مثبت تاثر کو متاثر کر سکتے ہیں۔