عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری
امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ امن معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی مکمل بحالی سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث بڑی گراوٹ محدود رہی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت میں 16 سینٹ یا 0.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 78.80 ڈالر فی بیرل تک آگئی۔
اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 25 سینٹ یا 0.3 فیصد کمی کے بعد 75.80 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں عالمی معیار کے خام تیل گزشتہ سیشن میں بھی تقریباً 5 فیصد تک گر گئے تھے، جس کے بعد قیمتیں گزشتہ تین ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے ممکنہ امن معاہدے کو خطے میں کشیدگی کم ہونے کی علامت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق اگر آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل معمول پر آتی ہے تو عالمی توانائی سپلائی میں استحکام پیدا ہو سکتا ہے، تاہم موجودہ غیر یقینی صورتحال مزید بڑی کمی کو محدود کر رہی ہے۔