Business

اے ڈی بی نے پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

اے ڈی بی نے پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی
۲۰ منٹ پہلے

ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جو انشورنس کے شعبے میں اصلاحات اور کوریج کو بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

 

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس پروگرام کا مقصد کسانوں، خواتین اور کم آمدنی والے خاندانوں کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ پاکستان میں انشورنس کا حجم اس وقت جی ڈی پی کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے، جبکہ نئی اصلاحات سے قدرتی آفات اور معاشی جھٹکوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

 

بینک کے مطابق انشورنس مارکیٹ کو جدید اور مسابقتی نظام میں تبدیل کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انشورنس خدمات کو عام کرنے پر زور دیا گیا ہے، جبکہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور جدید انشورنس ماڈلز متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

 

پروگرام کے تحت خواتین اور بچیوں کے لیے خصوصی انشورنس مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ مالی تحفظ کے دائرے کو مزید وسیع کیا جا سکے۔

 

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ آفات کے بعد حکومتی مالی بوجھ کم کرنے میں مضبوط انشورنس نظام مددگار ثابت ہوگا۔ اس پروگرام سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

 

مزید یہ کہ طویل مدتی بچتوں کو انفراسٹرکچر اور بانڈ مارکیٹ میں استعمال کیا جائے گا، جبکہ نجی پنشن اسکیموں اور سالانہ پنشن نظام کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

 

بینک کے مطابق مضبوط انشورنس نظام پاکستان کی مجموعی مالی پائیداری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں