Entertainment

سونُو نگم اعصابی بیماری میں مبتلا،شدید درد کی کیفیت،علاج جاری

سونُو نگم اعصابی بیماری میں مبتلا،شدید درد کی کیفیت،علاج جاری
۱ دن پہلے

معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اعصاب دبنے کی تکلیف دہ بیماری (Pinched Nerve) میں مبتلا ہیں اور اس وقت ان کا باقاعدہ طبی علاج جاری ہے۔

 

52 سالہ گلوکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے کندھے پر پٹیاں لگی دیکھی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انہوں نے ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین سمیت متعدد طبی ٹیسٹ کروائے ہیں تاکہ بیماری کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

 

سونو نگم کے مطابق وہ اس وقت شدید درد کا سامنا کر رہے ہیں اور فزیو تھراپی کے سیشنز نہایت تکلیف دہ ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ درد کم کرنے والی ادویات پر انحصار کر رہے ہیں، جن کے اثرات کی وجہ سے ان کے گلے پر بھی فرق پڑا ہے۔

 

طبی ماہرین کے مطابق پِنچڈ نَرو اس حالت کو کہتے ہیں جب ہڈیاں، پٹھے یا کارٹلیج قریبی اعصاب پر دباؤ ڈالیں، جس کے نتیجے میں شدید درد، جھنجھناہٹ، کمزوری، سُن ہونا اور حرکت میں مشکل جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

 

یہ کیفیت جسم کے مختلف حصوں میں ہو سکتی ہے، تاہم زیادہ تر گردن، کمر، کلائی اور کہنی متاثر ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ مسئلہ اکثر عارضی ہوتا ہے، لیکن بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں اعصاب کو مستقل نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں