Entertainment

نعمان اعجاز کا شوبز کمائی سے متعلق تنقید پر ردِعمل،خود احتسابی کا مشورہ

نعمان اعجاز کا شوبز کمائی سے متعلق تنقید پر ردِعمل،خود احتسابی کا مشورہ
۱ منٹ پہلے

پاکستان کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے شوبز کی کمائی کو حرام قرار دینے سے متعلق تنقید پر ردِعمل دیتے ہوئے ناقد کو اپنے رویے پر غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

 

نعمان اعجاز اپنی بے باک رائے اور سماجی موضوعات پر گفتگو کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے ایک یوٹیوب ویڈیو میں اپنے دوست کی جانب سے بھیجا گیا ایک فکر انگیز پیغام بھی شیئر کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو تخلیق میں مختلف چیزوں کی پہچان فطری طور پر عطا کی ہے، جیسے گرم چیز کو ہاتھ، سخت چیز کو دانت، کڑوی چیز کو زبان اور خراب چیز کو ناک فوراً پہچان لیتی ہے، لیکن حلال اور حرام کی تمیز انسان کے ضمیر اور انتخاب پر چھوڑ دی گئی ہے۔

 

نعمان اعجاز نے سوال اٹھایا کہ کیا واقعی ہم حلال اور حرام میں فرق نہیں جانتے؟ اور اگر جانتے ہیں تو پھر حرام کاموں اور حرام کمائی سے کیوں نہیں بچتے؟

 

ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل ملا۔ بعض صارفین نے ان کی رائے کی حمایت کی جبکہ ایک صارف نے ان سے سوال کیا کہ ان کی اپنی شوبز آمدنی حلال ہے یا حرام۔

 

اس پر نعمان اعجاز نے مختصر اور دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ “آپ کی سوچ ایک مخصوص قسم کی سوچ ہے، خوش رہیں بھائی اور کبھی اپنے اوپر بھی نظر ڈال لیا کریں۔

 

ان کے اس جواب پر بھی سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں۔ کچھ صارفین نے اداکار کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پیشے کی حلت یا حرمت کا عمومی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، جبکہ بعض نے شوبز انڈسٹری سے متعلق مذہبی بحث کو دوبارہ چھیڑ دیا۔

واضح رہے کہ نعمان اعجاز پاکستان کے صفِ اول کے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں