Entertainment

کامیابی کے باوجود امیتابھ بچن پریشان کیوں؟

کامیابی کے باوجود امیتابھ بچن پریشان کیوں؟
۱ منٹ پہلے

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اعتراف کیا ہے کہ کامیابی کے باوجود انہیں اپنے کام کے حوالے سے اندرونی شک اور ذہنی دباؤ کا سامنا رہتا ہے، جس کے باعث بعض اوقات انہیں نیند کے مسائل بھی پیش آتے ہیں۔

 

اپنے حالیہ بلاگ میں 83 سالہ اداکار نے بتایا کہ وہ حال ہی میں ایک پروجیکٹ مکمل کرنے کے بعد مطمئن نہ ہو سکے اور انہیں محسوس ہوا کہ اسے مزید بہتر انداز میں کیا جا سکتا تھا۔ اسی احساس کے باعث انہوں نے متعلقہ اجازت کے بعد اس کام کو دوبارہ انجام دیا یا ریکارڈ کیا۔

 

تاہم اس فیصلے کے بعد وہ مسلسل اس سوچ میں مبتلا رہے کہ آیا دوسری کوشش واقعی بہتر تھی یا نہیں، جس کے باعث وہ رات بھر بے چینی کا شکار رہے اور انہیں نیند نہیں آئی۔

 

امیتابھ بچن نے لکھا کہ اس قسم کے خیالات ان کے ذہن کو مسلسل مصروف رکھتے ہیں اور وقت گزرنے کا احساس بھی نہیں ہوتا، یہاں تک کہ صبح ہو جاتی ہے۔

 

انہوں نے اپنے مصروف شیڈول کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ہی دن میں متعدد پروجیکٹس، مختصر فلموں اور فوٹو شوٹس میں حصہ لیتے ہیں، جبکہ مداحوں سے رابطے کو بھی اپنی روزمرہ ذمہ داری کا اہم حصہ سمجھتے ہیں۔

 

اداکار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مداحوں سے جڑے رہنے کا سلسلہ ان کے لیے ہمیشہ اہم رہے گا اور اسے جاری رکھیں گے۔

 

دوسری جانب امیتابھ بچن آئندہ فلم کَلکی 2898 اے ڈی کے سیکوئل میں دوبارہ اشوتھاما کے کردار میں نظر آئیں گے۔ رپورٹس کے مطابق اس سیکوئل میں کمل ہاسن اور پربھاس بھی شامل ہوں گے، تاہم دیپیکا پڈوکون اس بار اس پراجیکٹ کا حصہ نہیں ہوں گی۔

 

پروڈکشن ذرائع کے مطابق ان کی علیحدگی باہمی رضامندی سے ہوئی ہے، جبکہ ان کی جگہ سائی پلّوی کو شامل کیے جانے کی اطلاعات زیر گردش ہیں، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ابھی باقی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں