مسافر ،مال بردار گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات رکھنا لازمی قرار
موٹر وے پولیس نے شہریوں اور ان کے مال و اسباب کے تحفظ کے لیے ملک بھر میں فائر سیفٹی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق اس مہم کے تحت قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سفر کو زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق مسافر بردار اور مال بردار گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ گاڑیوں میں موجود فائر ایکسٹنگوشر فعال اور قابلِ استعمال حالت میں ہونا چاہیے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ آگاہی مہم 24 جون تک جاری رہے گی، جبکہ اس کے بعد حفاظتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سڑکوں پر حادثات کی صورت میں فوری ردعمل کو بہتر بنانا اور انسانی جانوں و املاک کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔