Entertainment

ایران ،گلوکارہ پرستو احمدی سمیت 9 افراد کو 74 کوڑوں کی سزا

ایران ،گلوکارہ پرستو احمدی سمیت 9 افراد کو 74 کوڑوں کی سزا
۴۲ منٹ پہلے

ایران کی ایک عدالت نے گلوکارہ پرستو احمدی اور “کاروان سرائے کنسرٹ” سے منسلک مزید آٹھ افراد کو 74 کوڑوں کی سزا سنا دی ہے۔

 

بی بی سی ہندی کے مطابق ان افراد پر دو سال کے لیے ملک چھوڑنے اور فن سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

 

یہ فیصلہ ایران کے صوبہ قم کی ایک عدالت نے سنایا، جہاں اسلامی قانون کی دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت نے تمام افراد کو یکساں سزا دی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس فیصلے کو قومی میڈیا میں شائع کیا جائے گا۔

 

سزا پانے والوں پر الزام ہے کہ انہوں نے انٹرنیٹ پر فحش اور غیر اخلاقی مواد پوسٹ کرکے عوامی حیا کو مجروح کیا۔

 

گلوکارہ پرستو احمدی کے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی “کاروان سرائے کنسرٹ” کی ویڈیو میں انہیں بغیر حجاب کے گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

یہ ویڈیو یوٹیوب پر چند گھنٹوں میں ایک لاکھ سے زائد بار دیکھی گئی اور سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی۔ اب تک اس کے ویڈیوز اور کلپس مجموعی طور پر تقریباً تیس لاکھ سے زائد بار دیکھے جا چکے ہیں اور یہ آن لائن وائرل ہو چکے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں