جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم کا پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ویمنز انڈر 19 ٹیم جولائی میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، جو 14 سے 24 جولائی تک نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگی۔
پی سی بی نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 10 جولائی کو کراچی پہنچے گی، جبکہ دونوں ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک نیشنل بینک سٹیڈیم میں پریکٹس سیشنز میں حصہ لیں گی۔
سیریز کے ٹی ٹوئنٹی میچز 14، 17، 19، 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق یہ سیریز اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ پی سی بی ویمنز کرکٹ ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں کراچی میں انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپس بھی منعقد کیے تھے۔