Sports

بیلجیم کی انڈر21 ہاکی ٹیم کو دورۂ پاکستان کی دعوت

بیلجیم کی انڈر21 ہاکی ٹیم کو دورۂ پاکستان کی دعوت
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے بیلجیم ہاکی فیڈریشن کو انڈر 21 ٹیم کے پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دے دی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ہاکی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

 

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی دعوت پر خصوصی طور پر اسٹیڈیم پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان اور بیلجیم کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دیکھا۔

 

وفاقی وزیر کی آمد پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے گورننگ بورڈ کے رکن چوہدری پرویز سندھیلہ نے ان کا استقبال کیا اور قومی ٹیم، یورپی دورے اور آئندہ منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

 

اس موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی ماضی میں دنیا پر حکمرانی کر چکی ہے اور اب اس عظیم روایت کو دوبارہ زندہ کرنا نئی نسل کی ذمہ داری ہے۔

 

بعد ازاں وفاقی وزیر کی ملاقات ہیڈ کوچ منظور الحسن، نائب کوچ محمد وسیم، ٹیم مینیجر خواجہ محمد جنید اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے بھی کرائی گئی۔

 

کھلاڑیوں نے اس ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی سرپرستی انہیں مزید جذبے کے ساتھ کھیلنے کا اعتماد دیتی ہے۔

 

اسی دوران ڈاکٹر مصدق ملک کی ملاقات بیلجیم ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو افسر سرج پیلے سے بھی ہوئی۔

 

ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور بیلجیم کے درمیان ہاکی تعلقات، نوجوان کھلاڑیوں کے تبادلے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

 

وفاقی وزیر نے بیلجیم کی ہاکی ٹیموں، بالخصوص انڈر 21 ٹیم کو پاکستان آ کر میچز کھیلنے کی دعوت دی۔

 

سرج پیلے نے اس دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اصولی طور پر بیلجیم کی انڈر 21 ٹیم کے دورۂ پاکستان پر آمادگی ظاہر کی اور مستقبل میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں