Pakistan

پنکی کے ساتھ کام کرنیوالے2 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پنکی کے ساتھ کام کرنیوالے2 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
۴ گھنٹے پہلے

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات کے مقدمے میں گرفتار دو ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔

 

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نعیم اختر کی عدالت میں منشیات کے مقدمے کی سماعت کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا اور ساتھ ہی تین سربمہر پیکٹس بھی عدالت کے سامنے پیش کیے۔

 

پیش کیے گئے ملزمان میں عاقب اور غلام عباس شامل تھے جبکہ مقدمے میں انمول عرف پنکی کو مفرور ظاہر کیا گیا۔

 

سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری مقدمے میں کیوں شامل نہیں کی گئی۔

 

اس پر تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ کی گرفتاری ابھی اس مقدمے میں شامل نہیں کی گئی۔

 

عدالت نے ہدایت دی کہ دونوں گرفتار ملزمان عاقب اور غلام عباس کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جائے اور ملزمہ کی گرفتاری قانون کے مطابق اجازت حاصل کر کے شامل کی جائے۔

 

تفتیشی افسر نے عدالت سے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو دو روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

 

پولیس کے مطابق ساؤتھ زون پولیس نے دونوں ملزمان کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا اور ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ دونوں رائیڈر مبینہ طور پر پنکی گینگ کے لیے کام کرتے تھے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ عاقب اور غلام مصطفیٰ آن لائن منشیات کی ترسیل میں مبینہ طور پر ملوث تھے اور انہیں بوٹ بیسن پولیس نے گرفتار کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں