لبنان اورغزہ پراسرائیلی حملے،6افراد شہید
حزب اللہ کے ساتھ نئی جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملے جاری ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور عالمی سطح پر تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے باوجود کم از کم 12 اسرائیلی فضائی حملے اور گولہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن کے نتیجے میں جنوبی لبنان میں موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایک خلیجی سفارت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ جنگ بندی قطر، امریکا اور ایران کی ثالثی کے بعد طے پائی، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا تھا۔ ان کے مطابق اس معاہدے کا ہدف لبنان کی صورتحال کو ایک وسیع تر امریکا-ایران عبوری معاہدے کی طرف لے جانا تھا۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں نصف شب سے جاری کارروائیوں میں کم از کم 47 افراد جاں بحق اور 97 زخمی ہوئے ہیں۔
اسی دوران غزہ میں بھی صورتحال بدستور کشیدہ ہے جہاں اسرائیلی فوج نے ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق جنگ بندی کے باوجود غزہ سٹی میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں، اور مختلف علاقوں میں مزید ہلاکتوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ سال جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں تقریباً 1000 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں بھی اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں، جن میں مزید 3 افراد کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، جس سے مجموعی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔