برطانیہ:دو مسافر ٹرینوں میں تصادم،ایک ہلاک،89 زخمی
برطانیہ کے دارالحکومت لندن سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال میں واقع بیڈفورڈ کے قریب دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 89 افراد زخمی ہو گئے۔
برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق حادثہ جمعے کی شام مقامی وقت کے مطابق تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر بیڈفورڈ کے جنوب میں پیش آیا، جہاں ایسٹ مڈلینڈز ریلوے کی دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروس کے مطابق آپریشن میں 20 سے زائد ایمبولینسیں اور 6 ایئر ایمبولینسز نے حصہ لیا۔
حکام کے مطابق حادثے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ 11 افراد کی حالت تشویشناک، 22 شدید زخمی اور 56 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق شخص کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور تمام متعلقہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ٹرین کا اگلا حصہ دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گیا ہے، تاہم بوگیاں پٹری پر موجود رہیں۔
ایک مسافر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ اچانک زور دار جھٹکا محسوس ہوا جس کے بعد ایک بوگی جزوی طور پر پٹری سے اتر گئی، اور کئی مسافر زخمی ہو گئے۔