بیٹے کو کالعدم کمیٹی سے منسلک افراد نے اغواء کر لیا، نسیم کیانی
راولاکوٹ کے رہائشی اور پاک فوج کے ریٹائرڈ اہلکار نسیم کیانی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹے دلاور کیانی کو کالعدم کمیٹی سے منسلک افراد نے اغواء کر لیا ہے۔
نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نسیم کیانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے بیٹے کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
ان کے مطابق مبینہ طور پر ملزمان نے نہ صرف ان کے بیٹے کو اغواء کیا بلکہ اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور لوٹ مار بھی کی۔
نسیم کیانی نے کہا کہ اگر ان کے بیٹے یا خاندان کے کسی فرد کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ کالعدم گروہ پر عائد ہوگی۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق ان کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ خود کو محبِ وطن پاکستانی سمجھتے ہیں۔
خاندان کے افراد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ دلاور کیانی کے موبائل فون سے حاصل کی گئی نجی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔