پنکی کے خلاف مقدمات کا حتمی چالان عاشورہ کے بعد جمع کرانے کا حکم
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف دو مقدمات کا حتمی چالان عاشورہ محرم کے بعد جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت میں گارڈن پولیس کی جانب سے مقدمات کا حتمی چالان پیش نہ کیا جا سکا، جس پر سماعت کے دوران مزید مہلت کی استدعا کی گئی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر عبد الرحمن تھیم نے مؤقف اپنایا کہ انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کے خلاف گارڈن میں دو مقدمات درج ہیں، جن میں چھاپے کے دوران منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عبوری چالان گزشتہ ہفتے جمع کرایا جا چکا ہے جبکہ چار مبینہ سہولت کار بھی گرفتار ہیں۔
عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے حتمی چالان جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی اور حکم دیا کہ عاشورہ کے بعد مکمل چالان پیش کیا جائے۔
اسی کیس میں شریک ملزمان کی جانب سے دائر درخواستوں پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ ان درخواستوں میں مقدمے سے نام خارج کرنے اور کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) فراہم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے نام مقدمے سے خارج نہیں کیے جا سکتے، جبکہ عدالت کو بتایا گیا کہ ان کی ضمانت پہلے ہی سیشن عدالت سے مسترد ہو چکی ہے۔ کیس کی مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی گئی ہے۔