Breaking News
وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں،رانا ثنااللہ
وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے بجٹ کے بعد وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی افواہیں پھیلانے کا مقصد ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرنا ہے، جبکہ حقیقت میں ایسا کوئی معاملہ زیرِ غور نہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ وزیراعظم اس وقت بہترین انداز میں ملک کی قیادت کر رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں قیادت سے متعلق قیاس آرائیاں صرف منفی عناصر کی طرف سے کی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ہمیشہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات اور سیاسی ہم آہنگی کی کوشش کی ہے، جبکہ ماضی میں جب وہ خود اپوزیشن میں تھے تو ان کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے تھے۔