سویڈن میں افغان مہاجرین کا طالبان پالیسیوں اور مبینہ مظاہرین پر تشدد کے خلاف احتجاج
افغان طالبان کی سخت پالیسیوں اور ہرات میں پرامن مظاہرین کے خلاف مبینہ کارروائیوں کے تناظر میں یورپی ممالک میں احتجاجی سرگرمیاں جاری ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سٹاک ہوم میں سینکڑوں افغان مہاجرین سڑکوں پر نکل آئے اور طالبان حکومت کی پالیسیوں اور خواتین کے حقوق سے متعلق اقدامات کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ افغانستان کی صورتِ حال پر فوری توجہ دی جائے۔
احتجاج میں شریک افراد نے سویڈن کی حکومت اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ طالبان حکومت کے ساتھ تعلقات پر نظرِ ثانی کی جائے۔
مظاہرین کا مؤقف تھا کہ طالبان حکومت کے ساتھ سیاسی یا معاشی روابط افغان عوام کے مفادات کے خلاف ہیں۔ بعض مظاہرین نے افغان طالبان رہنماؤں کے یورپ داخلے اور ویزوں کے اجرا پر پابندی کا بھی مطالبہ کیا۔
ادھر ورلڈ لبرٹی کانگریس نے ہرات میں مظاہرین کے خلاف مبینہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں خواتین اور صحافیوں کے خلاف جاری اقدامات انسانی حقوق سے متعلق سنگین خدشات کو ظاہر کرتے ہیں۔