Pakistan

چمن بارڈر متاثرین کے 500 نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار دینے کا فیصلہ

چمن بارڈر متاثرین کے 500 نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار دینے کا فیصلہ
۱ منٹ پہلے

چمن بارڈر کی بندش سے متاثرہ بے روزگار خاندانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کے تحت حکومت بلوچستان نے اہم اقدام کرتے ہوئے 500 بے روزگار نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے معاشی بحالی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

 

حکومتی ذرائع کے مطابق ون ڈاکومنٹ پالیسی کے نفاذ کے بعد اس منصوبے کو عملی شکل دی جا رہی ہے، جس کا مقصد سرحدی علاقوں میں بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنا اور متاثرہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

 

وفاقی اور صوبائی حکومت نے مشترکہ طور پر چمن کے متاثرہ نوجوانوں کے لیے بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اس اقدام کو بارڈر بندش کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کے تناظر میں ایک اہم ریلیف پالیسی قرار دیا جا رہا ہے۔

 

اس سے قبل حکومت بلوچستان کی جانب سے متاثرہ شہریوں کے لیے 5 ہزار مفت پاسپورٹس بھی جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ بیرون ملک روزگار کے حصول کے لیے دستاویزی رکاوٹوں کو کم کیا جا سکے۔

 

حکومتی اعلان کے بعد چمن بارڈر کی بندش سے متاثر ہونے والے نوجوانوں اور مزدور پیشہ افراد میں امید کی لہر دوڑ گئی ہے، اور کئی شہریوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ ان کے معاشی مسائل میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

 

حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد متاثرہ علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنا اور نوجوانوں کو پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت بہتر انداز میں کر سکیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں