سندھ کے ضلع ڈھرکی میں نئے گیس کنویں سے پیداوار کا آغاز، یومیہ 3 کروڑ کیوبک فٹ گیس حاصل
سندھ میں گیس کی پیداوار کے حوالے سے ایک ہی دن میں دوسری بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت ضلع ڈھرکی میں نئے گیس کنویں سے بھاری مقدار میں پیداوار شروع ہو گئی ہے۔
خیرپور کے بعد ضلع ڈھرکی میں بھی ماری انرجیز کے زیرِ انتظام نئے گیس کنویں سے گیس کی پیداوار کا آغاز کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق دو ماہ قبل دریافت ہونے والے شمس ون گیس کنویں سے یومیہ تقریباً 3 کروڑ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ کنویں سے حاصل ہونے والی گیس کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد یہ گیس قومی گیس نیٹ ورک میں شامل ہو گئی ہے۔
ماری انرجیز کے مطابق شمس ون کنواں مکمل طور پر کمپنی کی ملکیت ہے اور اس اہم پیشرفت سے حکومت اور حصص یافتگان کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نئے گیس ذخیرے سے ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔