Breaking News

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی، چند مقامات پر بارش کاامکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی، چند مقامات پر بارش کاامکان
۱ منٹ پہلے

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم دوپہر کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب کے چند علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

 

بدھ کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور خشکی کا راج برقرار رہنے کی توقع ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس دوران کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

 

اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں منگل کو گرم موسم رہے گا اور جزوی طور پر ابر آلود صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دو روز تک شدید گرمی اور خشک موسم متوقع ہے، تاہم لاہور، قصور، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن اور وہاڑی میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

بدھ کے روز پنجاب کے بعض علاقوں جن میں مری، گلیات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، فیصل آباد اور خانیوال شامل ہیں، وہاں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

خیبر پختونخوا میں بھی بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بالائی علاقوں جیسے دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد اور پارا چنار میں منگل کے روز چند مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔

 

سندھ اور بلوچستان میں آئندہ دو روز تک شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہے گا، جبکہ ساحلی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بدھ کے روز سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

کشمیر میں منگل اور بدھ کے روز جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں موسم جزوی ابر آلود اور نسبتاً خشک رہنے کی توقع ہے۔

 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 55 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، جبکہ باجوڑ، خار، دیر اور اسلام آباد کے گولڑہ میں بھی بارش رپورٹ ہوئی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں